شاہجہاں پور:8 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) ضلع کے لوک سبھا انتخابات میں ایک امیدوار نے پیر کو یہاں سہرا باندھ کر اور گھوڑی پر سوار بینڈ باجے کی دھن پر ناچتے ہوئے بارا تیوں کے ساتھ انوکھے انداز میں نامزدگی کرایا۔ مشترکہ ترقی پارٹی کے امیدوار وید راج کشن آج گھنٹہ گھر سے دولہا بن کر گھوڑی پر سوار ہوئے لیکن کلکٹریٹ سے پہلے ہی ان کی بارات کو روک لیا گیا اور پولیس اور انتظامی افسران نے انہیں گھوڑی سے اتار دیا۔ اس کے بعد وہ کلکٹریٹ تک پیدل گئے اور پرچۂ نامزدگی داخل کیا۔ انہوں نے صحافیوں سے کہا کہ وہ ’سیاسی داماد‘ہیں اور آج ان کی شادی کی سالگرہ ہے، اس لئے وہ دولہا بن کر نامزدگی کرانے آئے ہیں۔ ویدراج کشن گزشتہ اسمبلی انتخابات میں ارتھی پر لیٹ کر نامزدگی کرانے گئے تھے، اس سے پہلے وہ بھینسا گاڑی پر سوار بھی نامزدگی کرا چکے ہیں، وہ کئی انتخابات میں اپنی قسمت آزما چکے ہیں۔